آیت اللہ خامنہ ای امریکی و اسرائیلی حملوں میں شہید، ایران کا 7 روزہ تعطیل اور 40 روزہ سوگ کا اعلان

ایرانی سرکاری میڈیا کی جانب سے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کی تصدیق، بتایا گیا کہ وہ امریکی و اسرائیلی حملوں میں اپنے دفتر میں شہید ہوئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ملک بھر میں 7 روزہ تعطیل اور 40 روزہ سوگ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اپنے ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا کہ ایرانی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنایا گیا ہے اور خامنہ ای کے کمپاؤنڈ پر درجنوں بم گرائے گئے۔ اسرائیلی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ ایران بھر میں 500 سے زائد اہداف کو تقریباً 200 طیاروں نے نشانہ بنایا۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی دعویٰ کیا کہ مشترکہ کارروائی میں ایرانی قیادت کو نشانہ بنایا گیا اور پاسدارانِ انقلاب کے کئی اعلیٰ کمانڈرز مارے گئے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کارروائیاں مطلوبہ اہداف کے حصول تک جاری رہیں گی۔

تاہم ایرانی حکام نے ان اطلاعات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ سپریم لیڈر محفوظ مقام پر موجود ہیں اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ تہران کے مطابق صدارتی محل کے قریب حملوں کے باوجود صدر اور سپریم لیڈر دونوں محفوظ رہے۔

دوسری جانب ایرانی سفارت خانے نے سپریم لیڈر کے قریبی رشتہ داروں کی ہلاکت کی بھی تصدیق کر دی ہے، تاہم اعلیٰ قیادت کی شہادت کے دعوؤں کو مسترد کردیا۔