سیونگ اکاؤنٹس میں کتنی رقم پر زکوٰۃ کٹے گی؟

وزارت تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رواں سال زکوٰۃ کا نصاب 5 لاکھ 3 ہزار 529 روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔

ایڈمنسٹریٹر جنرل زکوٰۃ کے مطابق اگر یکم رمضان کو کسی بینک اکاؤنٹ میں موجود رقم مقررہ حد سے کم ہوگی تو اس پر زکوٰۃ کی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ یکم رمضان المبارک کو سیونگ اکاؤنٹس اور نفع و نقصان میں شراکت دار اکاؤنٹس سے زکوٰۃ کی کٹوتی کی جائے گی، جبکہ کٹی ہوئی رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سینٹرل زکوٰۃ اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائے گی۔

اس موقع پر مالیاتی ادارے عوامی لین دین کیلئے بند رہیں گے۔

دوسری جانب اسٹیٹ بینک نے اعلان کیا ہے کہ یکم رمضان المبارک کو ملک بھر کے تمام سرکاری و نجی بینکس، ترقیاتی مالیاتی ادارے اور مائیکروفنانس بینکس عوامی لین دین کیلئے بند رہیں گے۔

اعلامیے کے مطابق عملہ معمول کے مطابق دفاتر میں حاضر ہوگا تاہم صارفین کیلئے لین دین کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔