پشاور میں مرکزی اجلاس کے بعد مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ ملک کے مختلف علاقوں سے موصول شہادتوں کی بنیاد پر رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے اور پاکستان بھر میں کل 19 فروری کو پہلا روزہ رکھا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں وزارت مذہبی امور، محکمہ موسمیات، سائنسی اداروں اور دیگر متعلقہ نمائندوں نے شرکت کی جبکہ وفاقی دارالحکومت سمیت صوبائی دارالحکومتوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوئے۔
کمیٹی کے رکن مفتی عتیق اللہ کے مطابق چاند دیکھنے کی ابتدائی شہادتیں اپر دیر اور ضلع مہمند سے موصول ہوئیں اور مجموعی طور پر مرکزی کمیٹی کو درجنوں مصدقہ شہادتیں موصول ہوئیں جن کی توثیق کے بعد چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔
چیئرمین کمیٹی نے اس موقع پر کہا کہ ملک بھر میں ایک ہی دن رمضان کا آغاز ہونا خوش آئند ہے اور عوام سے عبادات کے مہینے کا خیرمقدم کرنے کی اپیل کی۔
دوسری جانب اطلاعات کے مطابق بھارت اور بنگلادیش میں بھی چاند نظر آنے کے بعد وہاں بھی 19 فروری کو پہلا روزہ ہوگا۔

