ٹی20 ورلڈ کپ: بھارت سے شکست کے بعد پاکستان کیلئے نمیبیا کے خلاف میچ فیصلہ کن

آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کیلئے اپنا آخری گروپ میچ لازمی جیتنا ہوگا۔

گروپ اے میں بھارت کرکٹ ٹیم کے ہاتھوں 61 رنز کی شکست کے بعد صورتحال پیچیدہ ہوگئی ہے، جبکہ بھارت پہلے ہی اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرچکا ہے۔

اس شکست سے پاکستان کے نیٹ رن ریٹ کو شدید نقصان پہنچا اور وہ 0.932 سے گر کر منفی 0.403 ہوگیا، جس کے باعث پوائنٹس ٹیبل پر ٹیم امریکا کرکٹ ٹیم سے نیچے چلی گئی۔ امریکا کے چار میچز میں دو فتوحات کے ساتھ چار پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ موجود ہے۔

پاکستان کا آخری گروپ مقابلہ نمیبیا کرکٹ ٹیم کے خلاف 18 فروری کو کھیلا جائے گا اور یہ میچ اب ڈو اینڈ ڈائی کی حیثیت اختیار کرگیا ہے۔

قومی ٹیم کو سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کیلئے فتح درکار ہوگی، جبکہ نمیبیا کی جانب سے اپ سیٹ کی صورت میں پاکستان ایونٹ سے باہر ہوسکتا ہے۔ البتہ اگر میچ بارش کی نذر ہوگیا تو ایک پوائنٹ ملنے کے باعث پاکستان کی کوالیفکیشن کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ اہم میچ کیلئے پلیئنگ الیون میں دو سے تین تبدیلیوں پر غور کررہی ہے اور سینئر کھلاڑیوں کی جگہ بینچ اسٹرینتھ کو موقع دینے کی تجاویز زیر بحث ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دیے جانے پر غور کیا جارہا ہے جبکہ ممکنہ طور پر فخر زمان، نسیم شاہ اور سلمان مرزا کو ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔

حتمی پلیئنگ الیون کا اعلان میچ سے قبل کیا جائے گا، تاہم واضح ہے کہ نمیبیا کے خلاف مقابلہ قومی ٹیم کیلئے ورلڈ کپ میں بقا کی جنگ بن چکا ہے۔