اسلام آباد: حکومت پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف شیڈول میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے، جس کے بعد 15 فروری کو ہونے والا ہائی پروفائل مقابلہ طے شدہ پروگرام کے مطابق کھیلا جائے گا۔
فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے اعلیٰ سطحی مذاکرات کے نتائج پر بریفنگ کے بعد کیا گیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق محسن نقوی نے وزیراعظم کو پی سی بی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے نمائندوں کے درمیان ہونے والی مشاورت سے آگاہ کیا، جس میں ٹورنامنٹ سے متعلق پیدا ہونے والی صورتحال اور ممکنہ حل زیر غور آئے۔
حکومت نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے ارسال کردہ درخواستوں کے ساتھ ساتھ سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور دیگر رکن ممالک کی جانب سے موصول ہونے والے پیغامات کا بھی جائزہ لیا جن میں پاکستان سے درپیش چیلنجز کے حل میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت نے بی سی بی کے صدر امین الاسلام کے بیان کو بھی نوٹ کیا اور برادر ملک بنگلادیش کی جانب سے اظہار تشکر کو خلوص کے ساتھ سراہتے ہوئے اس کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اسی تناظر میں وزیراعظم اور سری لنکا کے صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات اور مشکل اوقات میں ایک دوسرے کی حمایت کو یاد کرتے ہوئے موجودہ معاملے کے حل کے لیے سنجیدہ غور و فکر پر زور دیا۔
اعلامیے کے مطابق دوست ممالک کی درخواستوں اور جاری سفارتی رابطوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے ہدایت جاری کی کہ قومی ٹیم 15 فروری کو اپنے مقررہ میچ میں شرکت کرے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کرکٹ کی روح کے تحفظ، کھیل کے فروغ اور عالمی مقابلوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
حکومت پاکستان نے وزیراعظم اور قوم کی جانب سے قومی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ گرین شرٹس عالمی ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔

