گوگل کے آرٹی فیشل انٹیلی جنس چیٹ بوٹ جیمنائی کے ماہانہ صارفین کی تعداد 75 کروڑ سے زائد ہوگئی ہے، جس کا انکشاف کمپنی کی تازہ سہ ماہی آمدنی رپورٹ میں کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران اس پلیٹ فارم کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، کیونکہ 2025 کی تیسری سہ ماہی میں گوگل نے جیمنائی کے ماہانہ صارفین کی تعداد 65 کروڑ بتائی تھی جو اب بڑھ کر 75 کروڑ سے آگے نکل گئی ہے۔
اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ جیمنائی استعمال کرنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور یہ پلیٹ فارم صارفین کی تعداد کے لحاظ سے میٹا اے آئی سے آگے ہے جس کے تقریباً 50 کروڑ ماہانہ صارفین ہیں، تاہم جیمنائی اب بھی اپنے بڑے حریف چیٹ جی پی ٹی سے پیچھے ہے جس کے ماہانہ صارفین کی تعداد 2025 کے اختتام تک 81 کروڑ رپورٹ کی گئی تھی۔
گوگل نے یہ اعداد و شمار ایسے وقت جاری کیے ہیں جب کمپنی حال ہی میں جیمنائی 3 متعارف کرا چکی ہے جسے وہ اپنا اب تک کا سب سے جدید اے آئی ماڈل قرار دیتی ہے اور دعویٰ کرتی ہے کہ یہ پیچیدہ امور کو زیادہ گہرائی سے انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
گوگل کے چیف بزنس آفیسر فلپ شنڈلر کے مطابق کمپنی نے مفت صارفین اور سبسکرائبرز دونوں پر توجہ مرکوز کی ہے جس کے نتیجے میں حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔

