اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں نماز جمعہ کے دوران امام بارگاہ میں خودکش دھماکہ، درجنوں شہید و زخمی

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے علاقے ترلائی میں واقع امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد شہید جبکہ بڑی تعداد میں زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور کو مسجد کے گیٹ پر داخلے سے روکا گیا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس سے اطراف کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ زخمیوں کو پمز، پولی کلینک اور دیگر طبی مراکز منتقل کیا گیا جہاں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق جائے وقوعہ کو سیل کر کے پولیس، رینجرز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ حملے کی نوعیت سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق درجنوں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے اور سہولت کی کمی کے باعث کچھ زخمیوں کو دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پر حکام نے زخمیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمہ داران کے تعین اور فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے سکیورٹی صورتحال کیلئے سنگین چیلنج قرار دیا اور شہداء کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔