پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہیں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور جاری داخلی سیکیورٹی آپریشنز پر جامع بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں حالیہ دہشت گرد حملوں اور سیکیورٹی فورسز کے مؤثر اور بروقت ردعمل سے متعلق تفصیلات شامل تھیں۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ تشدد اور دہشت گردی کسی بھی جواز کے تحت قابلِ قبول نہیں اور کسی دہشت گرد یا اس کے سہولت کار کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا، تمام عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے امن و امان کے قیام اور ریاستی رٹ کے استحکام کے عزم کا اعادہ کیا۔
بعد ازاں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) کوئٹہ کا دورہ کیا اور پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی، ان کے بلند حوصلے اور مادرِ وطن کے دفاع میں جرات و استقامت کو سراہا۔
قبل ازیں، بلوچستان آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا۔

