پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹی20 ورلڈکپ آفیشل کٹ “مارخور ایڈیشن” کی رونمائی

لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹی20 ورلڈکپ کے لیے آفیشل کٹ کی رونمائی کر دی گئی۔ تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی، نجم سیٹھی، رمیز راجہ اور قومی کرکٹ ٹیم کے اہم کھلاڑی شریک ہوئے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم اس وقت بہترین فارم میں ہے اور توقع ہے کہ ورلڈکپ میں بہترین کھیل پیش کرے گی۔ انہوں نے شائقین کرکٹ سے اپیل کی کہ قومی ٹیم کے ساتھ حمایت جاری رکھیں اور دعا کریں کہ ٹیم ٹرافی جیت کر وطن واپس آئے۔

تقریب میں قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا، بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، ابرار احمد اور فہیم اشرف بھی موجود تھے۔ آفیشل کٹ کو “مارخور ایڈیشن” کا نام دیا گیا ہے، جس میں پاکستان کے قومی جانور مارخور کو نمایاں طور پر پیش کیا گیا ہے۔

کپ کیٹ کے ڈیزائن میں روایتی اور ہلکے سبز رنگ استعمال کیے گئے ہیں، جو پاکستان کے قومی تشخص اور جذبے کی عکاسی کرتے ہیں۔ تقریب میں ٹیم کے نئے کٹ کے معیار اور ڈیزائن کو بھی سراہا گیا، جس سے پاکستانی شائقین کرکٹ میں جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی۔