پاکستان نے تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں آسٹریلیا کو 111 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹی20 سیریز میں کلین سوئپ مکمل کر لیا اور سات سال بعد کینگروز کے خلاف ٹی20 سیریز وائٹ واش کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے، جو ٹی20 انٹرنیشنل میں آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
پاکستانی بیٹنگ میں صائم ایوب نے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، شاداب خان نے 46، خواجہ نافع نے 21، فخر زمان نے 10 اور کپتان سلمان علی آغا نے 5 رنز بنائے، جبکہ بابر اعظم نے 50 اور فہیم اشرف نے 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ اننگز کھیلیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے بین ڈوارشوئس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم صرف 96 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
مارکس اسٹوئنس نے 23 اور کیمرون گرین نے 22 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 18 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں، شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ ابرار احمد اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پانچ وکٹیں لینے پر محمد نواز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضغ رہے کہ یہ پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف 2018 کے بعد پہلی ٹی ٹوئنٹی سیریز کلین سوئپ کامیابی ہے۔

