راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے بہاولپور گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہیں آپریشنل، تربیتی اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور کور کی مجموعی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے خیرپور ٹامیوالی میں فیلڈ ایکسرسائز کا مشاہدہ کیا، جدید ڈرونز، الیکٹرانک وارفیئر، نگرانی اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز کا عملی مظاہرہ دیکھا جو ٹیکنالوجی پر مبنی ملٹی ڈومین آپریشنز میں پاک افواج کی بڑھتی صلاحیتوں کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے روہی ای اسکلز لرننگ حب اور اے پی ایس عباسیہ کیمپس کا افتتاح کیا، ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ اور معیاری تعلیم سے وابستگی کا اعادہ کیا، جبکہ ای ایم ای ریجنل ورکشاپ کے دورے کے دوران جدید پلیٹ فارمز کی دیکھ بھال سے متعلق بریفنگ بھی حاصل کی۔
فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہدا پر حاضری دے کر شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کی تعریف کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بدلتے سیکیورٹی چیلنجز کے مقابلے کے لیے اعلیٰ درجے کی تیاری اور ٹیکنالوجی میں مسلسل پیش رفت ناگزیر ہے۔

