صدر آصف علی زرداری کی دبئی میں شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات، پاکستان امارات تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

دبئی: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری بھی شریک تھیں۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دبئی کے ترقیاتی ماڈل سے استفادہ کرنے، بندرگاہوں، لاجسٹکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مالیاتی خدمات میں تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر زرداری نے پاکستان میں جاری اقتصادی اصلاحات، سرمایہ کاری میں سہولت کاری اور نجکاری سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی اور شیخ محمد بن راشد المکتوم کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کی معاشی ترقی میں مسلسل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ امارات میں مقیم پاکستانی برادری کے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے میں کردار کو بھی سراہا گیا۔ دونوں فریقین نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو فروغ دینے اور دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

بعد ازاں صدرِ مملکت کی ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین سلطان احمد بن سلیم سے بھی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور ڈی پی ورلڈ کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون، بندرگاہی آپریشنز اور بنیادی ڈھانچے میں شراکت داری کا جائزہ لیا گیا۔

صدر زرداری نے پاکستان میں لاجسٹکس اور روابط کے فروغ کے لیے ڈی پی ورلڈ کے کردار کو سراہا جبکہ سلطان احمد بن سلیم نے پاکستان کو سمندری و زمینی راستوں کے ذریعے خطے کو جوڑنے والا ایک قدرتی مرکز قرار دیا اور طویل المدتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔