ٹرمپ کا وزیراعظم سے سوال، ’میرے پسندیدہ فیلڈ مارشل کیسے ہیں؟‘

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے انکشاف کیا ہے کہ ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر ڈیووس میں ہونے والی حالیہ ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان سے سوال کیا، ’میرے پسندیدہ فیلڈ مارشل کیسے ہیں؟‘

وزیراعظم کے مطابق، انہوں نے جواب میں مہمانوں کی اگلی صف میں بیٹھے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب اشارہ کیا، جسے دنیا بھر کے ٹی وی چینلز نے امن بورڈ کے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران براہِ راست دکھایا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ ملاقات خوشگوار، مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئی، جس میں انہوں نے غزہ کے لیے بورڈ آف پیس کے قیام کے اقدام پر صدر ٹرمپ کو سراہا اور اسے جنگ سے متاثرہ خطے میں امن کی بحالی کی جانب اہم قدم قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگر صدر ٹرمپ فلسطینی عوام کے لیے امن، وقار اور بنیادی حقوق کو یقینی بنانے میں کامیاب ہوتے ہیں اور غزہ کی تعمیر نو کا عمل نتیجہ خیز ثابت ہوتا ہے تو تاریخ اس اقدام کو ان کی عظیم وراثت کے طور پر یاد رکھے گی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے میں صدر ٹرمپ کے مؤثر کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ بروقت اور مؤثر مداخلت سے خطے میں لاکھوں جانیں بچیں۔

وزیراعظم کے مطابق، ملاقات کا ایک دلچسپ پہلو یہ بھی تھا کہ صدر ٹرمپ نے خود پاکستان کے آرمی چیف کے بارے میں استفسار کیا، جس پر وزیراعظم نے فوری طور پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب اشارہ کیا۔