ڈی آئی خان میں امن کمیٹی کے سربراہ کے گھر خودکش دھماکا، 3 افراد جاں بحق، 7 زخمی

خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں قریشی موڑ کے قریب امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کے گھر شادی کی تقریب کے دوران خودکش دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔

پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق، دھماکا اس وقت ہوا جب گھر میں شادی کی تقریب جاری تھی، دھماکے کے فوراً بعد فائرنگ کی اطلاعات بھی سامنے آئیں، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔

ضلعی پولیس آفیسر سجاد احمد صاحبزادہ نے تصدیق کی کہ جاں بحق اور زخمیوں کی تعداد ابتدائی ہے، جبکہ زخمیوں میں نور عالم محسود بھی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق، خودکش حملہ آور کا سر جائے وقوع سے ملا ہے، جس سے حملے کی نوعیت کی تصدیق ہوتی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ مزید جانی نقصان کے خدشے کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔