بین الاقوامی جریدے گلف نیوز نے پاکستانی چاول کی عالمی سطح پر پذیرائی کی تصدیق کرتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ سال 2026 کے آغاز پر پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا چاول برآمد کنندہ ملک بن چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، دسمبر 2025 میں پاکستانی چاول کی برآمدات میں 14 فیصد ماہانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس میں باسمتی چاول کی برآمدات میں 50 فیصد سے زائد غیر معمولی اضافہ کلیدی عنصر ثابت ہوا۔
دسمبر 2025 کے دوران پاکستان نے 4 لاکھ 89 ہزار ٹن چاول عالمی منڈیوں میں برآمد کیے، جبکہ اسی مدت میں ویتنام کی برآمدات 3 لاکھ 87 ہزار ٹن رہیں، یوں پاکستان نے ویتنام کو پیچھے چھوڑتے ہوئے عالمی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔
رپورٹ کے مطابق، پاکستان سے سب سے زیادہ چاول متحدہ عرب امارات، چین، تنزانیہ، کینیا اور آئیوری کوسٹ کو برآمد کیا گیا۔
گلف نیوز کا کہنا ہے کہ پاکستانی باسمتی چاول کے معیار، خوشبو اور مسابقتی قیمتوں نے عالمی خریداروں کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے، جب کہ برآمدات میں یہ مسلسل اضافہ زرعی شعبے میں بہتری اور عالمی منڈیوں میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے تجارتی کردار کا مظہر ہے۔

