حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کے باوجود پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کر دیا، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں ممکنہ کمی کا فائدہ عوام تک منتقل نہ ہو سکا۔
دستاویزات کے مطابق، پیٹرول پر فی لیٹر لیوی میں 4 روپے 65 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرولیم لیوی 79 روپے 62 پیسے سے بڑھ کر 84 روپے 27 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔
اسی طرح ڈیزل پر فی لیٹر لیوی میں 80 پیسے اضافہ کر کے اسے 75 روپے 41 پیسے سے بڑھا کر 76 روپے 21 پیسے کر دیا گیا ہے۔
اگر پیٹرولیم لیوی میں یہ اضافہ نہ کیا جاتا تو پیٹرول ساڑھے چار روپے فی لیٹر اور ڈیزل 80 پیسے فی لیٹر سستا ہو سکتا تھا۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، 31 جنوری تک پیٹرول کی قیمت 253 روپے 17 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 257 روپے 8 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔
دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مٹی کے تیل پر لیوی 1 روپے 41 پیسے بڑھا کر 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل پر لیوی 15 روپے 84 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

