ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی، رواں مالی سال میں 21 ہزار سے زائد نئی کمپنیاں رجسٹر

اسلام آباد: اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مربوط اور مؤثر سہولت کاری کے باعث پاکستان میں کاروباری مواقع اور سرمایہ کاری کے دائرہ کار میں نمایاں توسیع دیکھنے میں آ رہی ہے۔

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی رپورٹ کے مطابق، رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران 21,668 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن مکمل کی گئی، جن کے ذریعے معیشت میں 30.7 ارب روپے کا پیڈ اپ کیپٹل شامل ہوا، جو گزشتہ سال اسی مدت کے مقابلے میں 29 فیصد زیادہ ہے۔

ایس ای سی پی کے مطابق، ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 279,724 ہو چکی ہے جو کاروباری اعتماد اور نجی شعبے کی سرگرمیوں میں اضافے کا واضح ثبوت ہے۔

شعبہ جاتی جائزے کے مطابق، آئی ٹی اور ای کامرس 4,277 نئی کمپنیوں کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ ٹریڈنگ سیکٹر میں 2,997، سروسز میں 2,686 اور رئیل اسٹیٹ میں 2,031 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔

رواں مالی سال کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی مثبت رجحان برقرار رہا، جہاں 731 غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 524 نئی کمپنیوں کے ذریعے 1.26 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی۔ چین، برطانیہ، جرمنی، جنوبی افریقہ، جنوبی کوریا، ناروے، ویتنام، نائجیریا، بنگلہ دیش، امریکہ اور متحدہ عرب امارات سمیت متعدد ممالک کی کمپنیوں نے پاکستان میں رجسٹریشن کرائی، جن میں 71 فیصد حصے کے ساتھ چین سرفہرست رہا۔

ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ نئی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی رجسٹریشن پاکستان کے کارپوریٹ فریم ورک پر مضبوط اعتماد اور بالخصوص ٹیکنالوجی و سروسز کے شعبوں میں تیز رفتار ترقی کی عکاس ہے، جبکہ ایس آئی ایف سی کی جدت پسند اور فیصلہ کن معاونت صنعتی ترقی کو نئی رفتار دیتے ہوئے پاکستان کو عالمی کاروباری معیار کے قریب لا رہی ہے۔