اسلام آباد: پاکستان نیوی نے شمالی بحیرۂ عرب میں زمین سے فضا تک مار کرنے والے ایل وائی-80 (این) میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ لائیو فائر مشق پاک بحریہ کے جدید فضائی دفاعی نظام اور آپریشنل تیاری کی واضح عکاس ہے۔
تجربے کے دوران، عمودی لانچنگ سسٹم سے فائر کیے گئے ایل وائی-80 میزائل نے توسیع شدہ فاصلے پر فضائی ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کیا۔
مشق کا مشاہدہ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے کیا، جب کہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ قومی سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے ہر دم تیار ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، جامع بحری مشق میں روایتی اور بغیر پائلٹ نظاموں کی صلاحیتیں بھی آزمائی گئیں، جن میں جدید لوئٹرنگ میونیشن کے ذریعے سطحِ آب کے اہداف کی درست تباہی اور بغیر پائلٹ سطحی بحری جہاز (یو ایس وی) کے کامیاب آزمائشی تجربات شامل تھے، جنہوں نے تیز رفتار کارکردگی، درست نیویگیشن اور سخت موسمی حالات میں مؤثر صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب تجربے پر پاک بحریہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں دفاعی میدان میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کیا گیا ہے، اور زمین سے فضا تک مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ قومی دفاع کے لیے بڑی پیش رفت ہے۔

