نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کا اہم اجلاس، حکومت و اپوزیشن کے درمیان سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے کمیٹیاں بنانے کی تجویز

اسلام آباد میں نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے زیراہتمام قومی ڈائیلاگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے آغاز کے لیے اہم تجاویز پیش کی گئیں۔

اجلاس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی مشاورت سے حکومتی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دی گئی۔

اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ، شیر افضل مروت، بیرسٹر سیف، عمران اسماعیل، شہزاد وسیم سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما، وکلا اور دانشور شریک ہوئے۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق، اپوزیشن کی جانب سے بھی ایک کمیٹی بنانے کی سفارش کی گئی جو سیاسی قیدیوں سے مشاورت کے بعد ڈائیلاگ کے عمل کو آگے بڑھائے گی۔

اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں فوری طور پر اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کی جائے، سیاسی کارکنوں بالخصوص خواتین کارکنان کو رہا کیا جائے، سیاسی مقدمات ختم کیے جائیں اور میڈیا پر عائد سنسرشپ کا خاتمہ کیا جائے تاکہ اعتماد کی فضا بحال ہو۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ نیشنل ڈائیلاگ کے عمل کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا جبکہ کمیٹی کا آئندہ اجلاس ملتان میں منعقد ہوگا۔