کوہاٹ کے ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت، وزیراعظم شہباز شریف کی قوم کو مبارک باد

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت پیٹرولیم ڈویژن کے امور پر ہونے والے اہم اجلاس میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) نے پیٹرولیم اور گیس سیکٹر کے روڈمیپ پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر خرچ ہونے والا قیمتی زرِ مبادلہ بچایا جا سکے۔

انہوں نے تیل و گیس سپلائی چین کو درآمد سے لے کر صارفین تک ترجیحی بنیادوں پر ڈیجیٹائز کرنے کی ہدایت کی، تاکہ اسمگلنگ کی روک تھام ہو اور قومی خزانے کو فائدہ پہنچے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ناشپا بلاک سے یومیہ 4100 بیرل تیل حاصل کیا جا سکے گا، جبکہ رواں سردیوں میں گھریلو صارفین کو گزشتہ برس کے مقابلے میں بہتر پریشر کے ساتھ گیس فراہم کی جا رہی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ آر ایل این جی کنکشنز پر تیزی سے کام جاری ہے اور جون 2026 تک 3 لاکھ 50 ہزار کنکشنز کا ہدف مکمل کر لیا جائے گا، شیوا اور بٹانی گیس فیلڈز کی پائپ لائنز کمیشن ہو چکی ہیں جبکہ کوٹ پالک گیس فیلڈ کی پائپ لائن پر کام جاری ہے۔