وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا ٹیلیفونک رابطہ، علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور پاکستان سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق، بدھ کے روز ہونے والی اس گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و سلامتی، باہمی تعاون اور موجودہ عالمی و علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں اتحاد اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا اور کہا کہ علاقائی امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد مؤثر راستہ ہیں۔

وزیراعظم نے خادمِ حرمینِ شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹیلی فونک رابطے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

انہوں نے آئندہ سال پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات حالیہ مہینوں میں نئی بلندیوں کو پہنچے ہیں اور انہیں مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ عزم کے ساتھ کام جاری رکھا جائے گا۔