اسلام آباد: پاک فضائیہ کے جدید ترین JF-17 تھنڈر بلاک III لڑاکا طیاروں نے متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کو پاکستانی فضائی حدود میں داخلے پر شاندار فضائی سلامی اور باضابطہ ایئر ایسکارٹ فراہم کیا، جو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے گہرے برادرانہ تعلقات، باہمی احترام اور دیرینہ دوستی کی علامت ہے۔
چھ رکنی فارمیشن نے مہمان نوازی اور بھائی چارے کے مظاہرے کے طور پر رسمی استقبال کیا، جس میں فارمیشن لیڈر نے وزیراعظم اور پاکستان کے عوام کی جانب سے صدر محمد بن زاید کو پرتپاک سلام پیش کیا۔
یہ فضائی سلامی دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کی عکاس ہے، جبکہ JF-17 تھنڈر بلاک III کی 4.5 جنریشن ملٹی رول صلاحیتیں پاک فضائیہ کی جدید آپریشنل تیاری اور دفاعی مہارت کو نمایاں کرتی ہیں۔
پاکستان کی فضائی حدود میں برادر ممالک کے معزز مہمانوں کو فضائی سلامی پیش کرنا جذبۂ خیرسگالی اور سفارتی روایت کا تسلسل ہے، جو حالیہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کے تناظر میں مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

