وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق، چند ہفتوں کے اضافے کے بعد ملک میں حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں 0.09 فیصد کمی ہوئی جبکہ سالانہ بنیاد پر مجموعی مہنگائی 2.83 فیصد پر آ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق، اس عرصے میں 13 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، 11 اشیاء سستی جبکہ 27 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
رپورٹ کے مطابق، سرخ مرچ 6.26 فیصد، چکن 5.29 فیصد، لہسن 1.50 فیصد اور انڈے 0.58 فیصد مہنگے ہوئے۔
دوسری جانب، آلو 10.37 فیصد، ٹماٹر 9.64 فیصد، پیاز 7.43 فیصد، چینی 4.22 فیصد، دال چنا 1.76 فیصد، دال مسور 0.74 فیصد اور باسمتی چاول 0.17 فیصد سستے ہوئے، اسی طرح خوردنی گھی کا ڈھائی کلو ٹن 0.56 فیصد اور دال مونگ 0.48 فیصد سستی ہوئی۔
آمدنی کے لحاظ سے جائزہ لیا جائے تو 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی رفتار 0.33 فیصد کمی کے ساتھ 1.35 فیصد رہی، 17 ہزار 733 سے 22 ہزار 888 روپے آمدنی والے طبقے کے لیے یہ شرح 2.58 فیصد، 22 ہزار 889 سے 29 ہزار 517 روپے والوں کے لیے 2.82 فیصد، 29 ہزار 518 سے 44 ہزار 175 روپے آمدنی والوں کے لیے 2.77 فیصد جبکہ 44 ہزار 176 روپے سے زائد آمدنی رکھنے والوں کے لیے مہنگائی کی شرح 0.07 فیصد کمی کے ساتھ 2.56 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

