بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 149 واں یومِ پیدائش، ملک بھر میں عام تعطیل اور پروقار تقریبات

بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 149 واں یومِ پیدائش آج پورے ملک میں انتہائی عقیدت، احترام اور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔

یومِ پیدائش کی مرکزی تقریب مزارِ قائد کراچی میں منعقد ہوئی جہاں گارڈز کی تبدیلی کی باوقار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل افتخار حسین چوہدری (ہلالِ امتیاز) تھے۔

پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے بابائے قوم کو سلامی پیش کی جبکہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزارِ قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

یومِ قائد کے موقع پر ملک بھر میں سرکاری و غیر سرکاری سطح پر سیمینارز، تقاریب اور تقریری مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں جن میں قائداعظم کی برصغیر کے مسلمانوں کے لیے جدوجہد، قیامِ پاکستان میں ان کی ناقابلِ فراموش خدمات اور ان کے افکار کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

قائداعظم محمد علی جناحؒ 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے، پیشے کے اعتبار سے ممتاز وکیل اور عظیم سیاست دان تھے۔ انہوں نے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے سنہری اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے قیام کا خواب حقیقت میں بدلا۔

قائداعظم کا وژن ایک ایسے پاکستان کا تھا جہاں تمام شہریوں کو مذہبی آزادی، مساوی حقوق اور انصاف میسر ہو۔

نہرو، پٹیل اور گاندھی جیسے قد آور سیاسی رہنماؤں کے ہوتے ہوئے بھی قائداعظم نے اپنی اصولی قیادت، استقامت اور دیانت داری سے مسلمانوں کو ایک علیحدہ وطن دلایا اور تاریخ کا دھارا موڑ دیا۔

یومِ پیدائش پر وزیراعظم شہباز شریف نے بابائے قوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم نے بلاتفریق رنگ و نسل مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور انصاف جیسے رہنما اصولوں کا درس دیا۔

افواجِ پاکستان، آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی قائداعظم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مضبوط، خودمختار، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا اور قومی استحکام، امن اور ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔