وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مئی 2025 کی جنگ میں افواج پاکستان نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔
مظفرآباد میں یونیورسٹی آف آزاد کشمیر کے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ صرف ایک مشین نہیں بلکہ ایک وژن ہے، اگر لیپ ٹاپ دینا رشوت ہوتا تو آج ہزاروں نوجوان ڈاکٹر، انجینیئر، اساتذہ اور سائنسدان نہ بنتے۔
انہوں نے واضح کیا کہ آج تک ایک بھی لیپ ٹاپ سفارش پر نہیں دیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران کشمیریوں سمیت پوری قوم نے افواج پاکستان کے لیے دعائیں کیں، جن کے نتیجے میں دشمن کو مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر پاکستان بنے گا اور مقبوضہ کشمیر آزاد ہوگا، اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے کشمیریوں کو ان کا حق دلوایا جائے گا۔
وزیراعظم نے آزاد جموں و کشمیر میں چار دانش اسکولوں کی منظوری اور دانش یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے عالمی معیار سے بہتر ہوں گے، جہاں غریب مگر ہونہار طلبہ کو جدید سہولیات کے ساتھ مفت تعلیم دی جائے گی۔
انہوں نے نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا اور کہا کہ کورونا وبا کے دوران بھی لیپ ٹاپ اسکیم نے طلبہ کی تعلیم اور روزگار کو جاری رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے اجرا کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور ملک بھر کے قابل طلبہ کو وظائف فراہم کیے جائیں گے تاکہ محنت اور صلاحیت کے بل پر ہر نوجوان آگے بڑھ سکے۔

