بلوچستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری، پانچ بڑے گروپس میدان میں آ گئے

اسلام آباد: بلوچستان میں سرمایہ کاری کے ایک نئے اور تاریخی دور کا آغاز ہو گیا ہے، جہاں ملک کے صفِ اوّل کے پانچ بڑے کاروباری گروپس نے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔

یہ پیشرفت ماڑی انرجیز کی ذیلی کمپنی ماڑی منرلز اور گلوباکور منرلز لمیٹڈ کے درمیان معدنی تلاش کے لیے طے پانے والے جوائنٹ وینچر معاہدے کے بعد سامنے آئی ہے۔

معاہدے کے تحت گلوباکور منرلز بلوچستان کے معدنی شعبے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی، جس کا مرکز ضلع چاغی میں سونے، تانبے اور دیگر قیمتی معدنیات کی تلاش اور ترقی ہوگا۔

ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے ہونے والی اس پیشرفت کے تحت لیک سٹی ہولڈنگز، فاطمہ گروپ، دین گروپ، ہلٹن گروپ اور سورتی گروپ بلوچستان میں معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں، جن کی مجموعی مارکیٹ ویلیو تقریباً پانچ ارب امریکی ڈالر بتائی جاتی ہے۔

سابق وفاقی وزیر اور معروف صنعتکار گوہر اعجاز نے اس سرمایہ کاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معدنی ترقی کے آغاز سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک میں امن، ترقی اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور پاکستانی کمپنیوں کی براہِ راست سرمایہ کاری صوبے کی معاشی سمت بدلنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی، جس سے مقامی آبادی کو بھی طویل المدتی فوائد حاصل ہوں گے۔