وزیراعظم شہباز شریف نے حلال گوشت کی برآمدی پالیسی کی منظوری دے دی ہے اور ہدایت کی ہے کہ برآمدات میں اضافہ کرنے کے لیے آئندہ دو ہفتوں میں عملی اقدامات پر مشتمل تین سالہ جامع حکمت عملی پیش کی جائے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کے حلال گوشت کو عالمی معیار کے مطابق بنانے، پیداوار بڑھانے اور علاقائی مسابقت میں مضبوط مقام حاصل کرنے کے لیے مربوط لائحہ عمل ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ مسلم ممالک سمیت عالمی حلال گوشت مارکیٹ میں پاکستان کے لیے خاطرخواہ گنجائش موجود ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔
انہوں نے پیداوار، کولڈ اسٹوریج، لاگت میں کمی، بیماری سے پاک مذبحہ خانوں، عالمی معیار کی صفائی اور سرٹیفیکیشن کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے قابلِ عمل تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی، جبکہ دو طرفہ رجسٹریشن اور بین الاقوامی سرٹیفیکیشن میں حکومتی معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان میں حلال گوشت کی کل پیداوار مقامی ضروریات پوری کرنے کے بعد برآمد کے لیے مناسب مقدار میں دستیاب ہے اور خصوصی زونز و مراکز قائم کر کے پیکجنگ اور معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ بہترین بزنس ماڈلز سے استفادہ کرتے ہوئے حلال گوشت کی برآمدات کو پائیدار بنیادوں پر بڑھایا جائے۔

