خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گرد ہلاک

خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ کارروائیاں 12 اور 13 دسمبر کو کی گئیں۔

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق، ضلع مہمند میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 7 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع بنوں میں کیا گیا، جس میں سیکیورٹی فورسز نے مزید 6 خوارج کو ہلاک کیا۔ فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی باقی ماندہ خارجی دہشت گرد کی موجودگی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی اور ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔

ادھر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔