الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق بلدیاتی انتخابات 15 فروری 2026 کو ہوں گے، جبکہ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق، ریٹرننگ آفیسرز 19 دسمبر 2025 کو کاغذاتِ نامزدگی کے لیے پبلک نوٹس جاری کریں گے، جب کہ امیدوار 22 سے 27 دسمبر 2025 کے درمیان اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔ انتخابی شیڈول کے تحت کاغذات کی چھان بین 30 دسمبر سے 3 جنوری 2026 تک کی جائے گی۔
اپیلیں دائر کرنے کا مرحلہ 5 سے 8 جنوری تک ہوگا اور متعلقہ ٹربیونلز 9 سے 13 جنوری کے دوران تمام اپیلوں کا فیصلہ کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق، کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 15 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے، جب کہ امیدواروں کی حتمی فہرست اور انتخابی نشانات 16 جنوری کو جاری کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی قانون 2015 کے تحت الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے لیے قائم 125 یونین کونسلز میں پولنگ 15 فروری کو ہوگی، جب کہ نتائج کی مرتب سازی 16 سے 19 فروری کے دوران مکمل کی جائے گی۔
بلدیاتی انتخابات کے لیے ڈی آر او کے فرائض ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن انجام دیں گے۔

