حکومت کا بڑا فیصلہ: تنخواہ دار طبقے کیلئے ٹیکس کم کرنے کی تیاری

اسلام آباد: چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) راشد محمود لنگڑیال نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کی شرح کم کرنے کی باضابطہ ہدایت جاری کر دی ہے، جس پر آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس رعایت دینے کیلئے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پاکستان بزنس کونسل کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ وزیراعظم نے نہ صرف تنخواہ دار ملازمین کیلئے ٹیکس ریلیف کی ہدایت دی ہے بلکہ بڑی کمپنیوں پر عائد سپر ٹیکس میں کمی کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ ان کے مطابق سپر ٹیکس میں مرحلہ وار کمی اور بالآخر خاتمے کے لئے حکومتی سطح پر مشاورت جاری ہے، جب کہ اس سلسلے میں عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے بات چیت بھی کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکس ریٹ میں کمی کا براہِ راست تعلق ٹیکس دہندگان کی تعداد اور ٹیکس کمپلائنس میں بہتری کے ساتھ ہے، اور جتنے زیادہ افراد ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں گے، اتنا ہی ٹیکس کی شرح کم کی جا سکے گی۔

سیمینار میں سابق نگران وزیر گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان نے مشکل وقت دیکھا لیکن سیاسی و عسکری قیادت کی کوششوں سے ملک بہتری کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعتوں کی بحالی، معاشی تعاون اور کاروباری یکجہتی سے معیشت مستحکم ہو سکتی ہے۔

یونائیٹڈ بزنس گروپ کے پیٹرن اِن چیف ایس ایم تنویر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے پاسپورٹ کی عالمی ساکھ بہتر ہو رہی ہے جبکہ ملکی سطح پر بھی کاروباری برادری کے درمیان اختلافات کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور بینک سود کی بلند شرح کے باعث نئی صنعت لگانا تو دور، موجودہ انڈسٹری بھی مشکلات کا شکار ہے، تاہم حکومت اور کاروباری برادری کی مشترکہ کوششیں ملک کو معاشی استحکام کی طرف لے جا سکتی ہیں۔