لاہور: پاکستان سپر لیگ 2026 کے 14ویں میچ میں ملتان سلطانز نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے راولپنڈیز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور راولپنڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ راولپنڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز اسکور کیے۔
راولپنڈیز کی جانب سے سیم بلنگز 56 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کامران غلام نے 35، ڈیان فوریسٹر نے 24 اور کپتان محمد رضوان نے 19 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کے اسپنر فیصل اکرم نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عرفات منہاس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ پیٹر سڈل اور محمد اسماعیل نے بھی 1، 1 وکٹ اپنے نام کی۔
183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے بلے بازوں نے جارحانہ آغاز کیا اور مطلوبہ اسکور محض 16.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
سلطانز کی جانب سے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 38 گیندوں پر 68 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 4 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے جوش فلپی نے بھی 30 گیندوں پر 56 رنز کی عمدہ باری کھیلی۔
دیگر بلے بازوں میں شان مسعود 27 اور کپتان ایشٹن ٹرنر 26 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے جبکہ اسٹیون اسمتھ صرف 5 رنز بنا سکے۔
راولپنڈیز کے بولرز سلطانز کی بیٹنگ لائن کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آئے اور صرف محمد عامر 2 وکٹیں حاصل کر سکے جبکہ محمد عامر خان نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس فتح کے ساتھ ملتان سلطانز نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے جبکہ راولپنڈیز کو بولنگ اور فیلڈنگ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

