پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا پروپیگنڈا بے نقاب، جے آئی ٹی کے ہوشربا انکشافات

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ریاست مخالف سوشل میڈیا پروپیگنڈا میں ملوث ہونے کے حیران کن شواہد سامنے آئے ہیں۔

جے آئی ٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت اور اس کے قریبی رشتہ دار بھی اس مہم میں شامل پائے گئے ہیں۔

تحقیقات کے دوران جے آئی ٹی نے اشتعال انگیز مواد اکٹھا کیا، جسے پی ٹی آئی کی ریاست مخالف سرگرمیوں کا واضح ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ پروپیگنڈا اندرون ملک اور بیرون ملک موجود اکاؤنٹس کے ذریعے چلایا جا رہا تھا، جس کی مالی اعانت غیر ملکی لابیز اور پی ٹی آئی قیادت کے ذریعے کی گئی۔

مزید انکشاف ہوا کہ پی ٹی آئی سینٹرل میڈیا ڈویژن اور سوشل میڈیا ٹیم نے یہ مہم کسی ‘رضاکار فورس’ کے ذریعے نہیں بلکہ منظم طریقے سے چلائی۔ جے آئی ٹی نے مفرور اور غیر حاضر افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی کی سفارش کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم الیکٹرانک جرائم کے ایکٹ 2016 کے تحت تشکیل دی گئی تھی اور اس کی سربراہی اسلام آباد پولیس کے آئی جی کر رہے ہیں۔

جے آئی ٹی نے قانونی اور انتظامی سطح پر مجرموں کے خلاف سخت اقدامات کی سفارش بھی کی ہے۔