پنجاب بھر میں 5 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ، جلسے، جلوسوں اور دھرنوں پر پابندی

لاہور: حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کے پیشِ نظر 13 سے 17 ستمبر تک 5 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، صوبے بھر میں عوامی مقامات، سڑکوں، شاہراہوں اور کھلی جگہوں پر 5 یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں، مظاہروں اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔

قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلی جنس اداروں نے رپورٹس دی ہیں کہ دہشت گرد تنظیمیں عوامی اجتماعات کو نشانہ بنا سکتی ہیں، جس کے پیش نظر عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا۔

تاہم، اس پابندی سے شادی کی تقریبات، نمازِ جنازہ، تدفین، مساجد و دیگر عبادت گاہوں میں عبادات، اور عدالتوں و سرکاری اداروں کے امور کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، جبکہ ڈیوٹی پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں پر بھی اس کا اطلاق نہیں ہو گا۔