اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت میں جدید، محفوظ اور ماحول دوست پولیسنگ کو فروغ دینے کے لیے اسلام آباد پولیس کو 50 الیکٹرک گاڑیوں (EVs) کا تحفہ پیش کر دیا۔
اسلام آباد میں منعقدہ پروقار تقریب کے دوران وزیراعظم نے الیکٹرک گاڑیوں کی چابیاں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کے حوالے کیں۔
اس موقع پر آئی جی پولیس نے وزیراعظم کو نئی قائم کردہ ‘کیپٹل پٹرول’ فورس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ یہ فورس ‘محفوظ، اسمارٹ اور گرین کیپیٹل’ کے وژن کے تحت تشکیل دی گئی ہے جس میں 200 اہلکار شامل ہیں۔ شفافیت، نگرانی اور فوری رسپانس کے لیے ہر پٹرول یونٹ میں ایک مرد اور ایک خاتون اہلکار شامل ہوں گے جنہیں جدید باڈی کیمروں سے لیس کیا جائے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 50 الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے ایندھن کی مد میں ماہانہ تقریباً 3 کروڑ 40 لاکھ روپے کی قومی بچت ہوگی، جبکہ گاڑیوں کی اصل لاگت صرف ساڑھے دس ماہ کی بچت سے پوری ہو جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اسلام آباد پولیس کو ملک کے دیگر شہروں کے لیے ایک ماڈل فورس بنایا جا رہا ہے۔

