میر رضا قتل کیس: پنجاب فارنزک لیبارٹری بھی مقتول کا آئی فون کھولنے میں ناکام، ثبوت ملنے کی امید دم توڑ گئی
کراچی: نوجوان تاجر میر رضا کے قتل کی تفتیش میں ایپل واچ اور آئی فون سے کسی اہم ثبوت کے ملنے کی امید دم توڑ گئی ہے، کیونکہ پنجاب فارنزک لیبارٹری بھی مقتول کا آئی فون کھولنے میں ناکام رہی ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق پنجاب فارنزک لیبارٹری نے کیس کی تحقیقاتی ٹیم کو باقاعدہ تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ موبائل فون کا لاک نہیں کھل سکا ہے، جس کے بعد مقتول کی ایپل واچ اور آئی فون تفتیشی ٹیم کو واپس بھیجے جا رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایپل واچ سے محض چند اسکرین شاٹس اور میسجز موصول ہوئے ہیں، تاہم وہ مواد تفتیش کی پیش رفت کے لیے زیادہ اہم نہیں ہے۔
اس سے قبل مقتول کے اہلخانہ کی جانب سے این سی سی آئی اے پر تحفظات کا اظہار کرنے کے بعد گیجٹس واپس منگوا کر پنجاب فارنزک لیبارٹری بھجوائے گئے تھے۔
دوسری جانب تفتیشی افسر نے کیس کی پیش رفت سے متعلق مزید اہم دستاویزات، بشمول پوسٹ مارٹم رپورٹ، گیجٹس کی فارنزک رپورٹس اور گواہوں کے 161 کے بیانات کی نقول جوڈیشل کمیشن میں جمع کرا دی ہیں۔

