یومِ بحریہ پر نیول ہیڈکوارٹرز میں پروقار تقریب، صدر، وزیراعظم اور عسکری قیادت کا شہدا کو خراجِ تحسین
اسلام آباد: ملک بھر میں 8 ستمبر کی مناسبت سے یومِ بحریہ ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر 1965 کی جنگ کے تاریخی ‘آپریشن دوارکا’ (آپریشن سومناتھ) کے ہیروز، غازیوں اور شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اسلام آباد میں نیول ہیڈکوارٹرز میں یادگارِ شہداء پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے یادگار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
نیول چیف نے شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے ان کے عزم کو سراہا اور کہا کہ ‘آپریشن سومناتھ’ سے لے کر ‘معرکہِ حق’ تک پاک بحریہ نے دشمن کی عددی برتری کے باوجود سمندری حدود کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا کر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور وزرائے اعلیٰ نے بھی یومِ بحریہ پر اپنے خصوصی پیغامات جاری کیے۔
قومی قیادت کا کہنا تھا کہ 8 ستمبر 1965 کو پاک بحریہ کے 7 جنگی جہازوں پر مشتمل بیڑے نے ریڈیو سگنلز کے بغیر آگے بڑھ کر بھارت کے دفاعی قلعے اور ریڈار اسٹیشن دوارکا کو منٹوں میں تباہ کر کے تاریخ رقم کی تھی۔ قیادت نے اعادہ کیا کہ پاک بحریہ نہ صرف ملکی سرحدوں بلکہ بحری تجارت اور قومی مفادات کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت مستعد ہے۔

