پاک فضائیہ وطن کی خودمختاری اور فضائی سرحدوں کے تحفظ کے لیے مکمل پرُعزم ہے: ایئر چیف

اسلام آباد: سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ (PAF) ملک کی خودمختاری اور فضائی سرحدوں کے دفاع کے لیے مکمل طور پر پرُعزم ہے اور ابھرتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے آپریشنل تیاریوں کو اعلیٰ ترین سطح پر برقرار رکھے ہوئے ہے۔

ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ یومِ شہداء کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے پاک فضائیہ کے شہداء اور اسلاف کی عظیم قربانیوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی میراث اور جرأت و قربانی کی داستانیں ہمارے لیے ایک مقدس امانت ہیں، جو موجودہ نسل پر بھاری ذمہ داری عائد کرتی ہیں۔

معرکہ حق میں پاک فضائیہ کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کے فرمان ‘سیکنڈ ٹو نن’ کے عین مطابق فضائیہ کو جدید جنگی حکمتِ عملی اور ٹیکنالوجی میں پیش پیش رہنا ہو گا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے اپنے خطاب میں سائبر، خلائی اور برقی جنگی صلاحیتوں، مصنوعی ذہانت (AI)، اور مقامی سطح پر دفاعی ٹیکنالوجی کی ترقی کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔

تقریب کے اختتام پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدائے پاک فضائیہ کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔