ستمبر میں ایل این جی کی در آمد کے لیے پاکستان کا تیسرا ٹینڈر جاری

اسلام آباد: پاکستان ایل این جی لیمیٹڈ (پی ایل ایل) نے روان ماہ ستمبر کے لیے ایل این جی کی در آمد کی خاطر تیسری مرتبہ عالمی ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔

پی ایل ایل کی جانب سے یہ ٹینڈر 12 سے 16 ستمبر کے ڈیلیوری پیریڈ کے لیے جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت عالمی سپلائر کمپنیوں سے بولیاں طلب کی گئی ہیں۔

ٹینڈر دستاویزات کے مطابق دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کے لیے بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 ستمبر مقرر کی گئی ہے اور موصول ہونے والی تمام بولیاں اسی روز کھولی جائیں گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت پاکستان ستمبر کی ڈیلیوری کے لیے دو مرتبہ ایل این جی کارگو کے ٹینڈرز جاری کر چکی ہے، تاہم عالمی مارکیٹ میں انتہائی مہنگی بولیاں موصول ہونے کے باعث دونوں سابقہ ٹینڈرز منسوخ کر دیے گئے تھے۔