عوام کے لیے بری خبر؛ نیپرا نے ماہانہ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کر دی

اسلام آباد: مہنگائی کے مارے بجلی صارفین پر ایک اور بوجھ منتقل کرتے ہوئے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر کے لیے ماہانہ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نیپرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق جولائی 2026ء کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف پی اے) کے تحت بجلی کی قیمت میں 2 روپے 06 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کا اطلاق ستمبر کے بلوں میں ہوگا جس سے صارفین پر 33 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

علاوہ ازیں نیپرا نے مالی سال 2026ء کی چوتھی سہ ماہی (اپریل تا جون) کے لیے بھی بجلی 52 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا ہے۔ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق ستمبر سے نومبر 2026ء تک تین ماہ کے لیے ہوگا، جس سے صارفین کو 12 ارب 67 کروڑ روپے کی اضافی ادائیگی کرنا ہوگی۔

نیپرا نے واضح کیا ہے کہ ماہانہ اور سہ ماہی دونوں ایڈجسٹمنٹس کا اطلاق کے-الیکٹرک سمیت ملک بھر کے تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے صارفین پر ہوگا۔