اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات، سبزیوں اور دیگر خوراکی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ حساس قیمتوں کے اشاریئے (ایس پی آئی) کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق، 3 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.65 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مجموعی شرح 8.35 فیصد رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق جائزہ ہفتے کے دوران 17 اشیائے ضروریہ مہنگی، 7 سستی اور 27 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران پیاز کی قیمت میں سب سے زیادہ 26.30 فیصد، ٹماٹر 2.55 فیصد، آلو 0.96 فیصد، پیٹرول 0.90 فیصد، آٹا 0.88 فیصد اور چکن 0.85 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ ڈیزل اور لہسن کی قیمتوں میں بھی معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔
دوسری جانب کیلا 2.54 فیصد، دال مونگ 0.69 فیصد، ایل پی جی 0.45 فیصد، چینی 0.18 فیصد اور انڈے 0.11 فیصد سستے ہوئے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل ردوبدل اور مہنگائی کے اس رجحان کے باعث عام اور متوسط طبقے پر مالی بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔

