پاک فضائیہ کا شکار بننے والے سابق بھارتی پائلٹ ابھینندن کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ؛ نجی ایئرلائن جوائن کر لی
نیو دہلی: سال 2019 میں پاک بھارت فضائی جھڑپ کے دوران پاکستان میں گرفتار ہونے والے بھارتی فضائیہ کے سابق گروپ کیپٹن ابھینندن ورتھمان نے 22 سالہ سروس کے بعد قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے کر نجی ایئرلائن میں بطور کمرشل پائلٹ ملازمت اختیار کر لی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، سابق پائلٹ ابھینندن ورتھمان نے اگست 2026 میں گووا کی علاقائی ایئرلائن ’فلائی 91‘ (FLY91) میں شمولیت اختیار کی ہے اور وہ فی الوقت گووا اور حیدرآباد کے درمیان اے ٹی آر (ATR 72-600) طیاروں کے لیے درکار لازمی تربیتی مراحل سے گزر رہے ہیں۔ ضروری ٹریننگ اور ریگولیٹری منظوریوں کی مکمل ہونے کے بعد وہ باقاعدہ کمرشل پروازیں آپریٹ کریں گے۔
واضح رہے کہ 27 فروری 2019 کو ’آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ‘ کے دوران پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارتی لڑاکا طیارے مگ 21 بائسن کو مار گرایا تھا، جس کے نتیجے میں ونگ کمانڈر ابھینندن کو پاکستان میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔
بعد ازاں حکومتِ پاکستان نے جذبۂ خیرسگالی کے تحت انہیں واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا تھا۔ دورانِ حراست پاکستانی چائے کی تعریف میں بولا گیا ان کا جملہ ”ٹی از فینٹاسٹک“ (The tea is fantastic) سوشل میڈیا پر کافی مشہور ہوا تھا۔

