ایران کے خلاف جنگ طول دینا خطرناک ہو سکتا ہے؛ امریکی عسکری قیادت کا سیکرٹری دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو انتباہ

واشنگٹن: امریکی فوج کے اعلیٰ ترین افسران اور فور اسٹار کمانڈرز نے سیکرٹری دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری بڑے پیمانے کے فوجی آپریشنز کو مزید طول دینا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، جس سے دنیا کے دیگر خطوں میں امریکی دفاعی صلاحیتیں شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

امریکی اخبار ‘واشنگٹن پوسٹ’ کی رپورٹ کے مطابق، 14 اگست کو جاری ہونے والی خفیہ ‘سیکرٹری آف ڈیفنس آرڈرز بک’ (SDOB) میں ان خدشات کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، مشرق وسطیٰ میں تعینات کچھ امریکی فوجیوں کی مدتِ ملازمت میں ستمبر اور کچھ میں 2027 تک توسیع کی ہدایات دی گئی ہیں، جس پر یورپی، پیسیفک اور سدرن کمانڈ کے سربراہان سمیت نیوی کے سینیئر ایڈمرل نے بھی تکنیکی طور پر ‘عدم اتفاق’ کا اظہار کیا ہے۔

کمانڈرز کا کہنا ہے کہ ایران تنازع کے لیے بحری جہاز، طیارے اور دیگر عسکری وسائل مشرق وسطیٰ منتقل کرنے کے باعث معمول کی تربیتی سرگرمیاں اور آپریشنز متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ امریکی بحریہ پر شدید دباؤ ہے۔

6 ماہ سے جاری اس جنگ کے طویل اور بوجھل ہونے پر عسکری قیادت کی یہ وارننگ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے لیے ایک نیا چیلنج بن کر سامنے آئی ہے جو جنگ کو اپنے حق میں ختم کرنا چاہتی ہے۔