جوہری یا بیلسٹک پروگرام بحال کیا تو دوبارہ حملہ کریں گے؛ اسرائیل کی ایران کو سنگین دھمکی

تل ابیب: اسرائیل نے ایران کو متنبہ کیا ہے کہ اگر اس نے اپنا جوہری یا بیلسٹک میزائل پروگرام دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کی تو اس پر ایک بار پھر شدید حملہ کیا جائے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیرِ توانائی ایلی کوہن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر تہران اور واشنگٹن کے درمیان کوئی معاہدہ طے پا بھی جاتا ہے، تب بھی جوہری ہتھیار بنانے کی صورت میں اسرائیل کارروائی سے نہیں ہچکچائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 28 فروری 2026 کو امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں نے ایرانی جوہری پروگرام کو دو سے چار سال پیچھے دھکیل دیا ہے اور اگر اسرائیل یہ اقدام نہ اٹھاتا تو ایران جوہری صلاحیت حاصل کر چکا ہوتا۔

دوسری جانب ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے اسرائیلی دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن حالیہ تنازع میں اپنا کوئی بھی اسٹریٹجک مقصد حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔

ایرانی فوج کے شہدا کی یادگار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شدید حملوں کے باوجود ایرانی مسلح افواج نے جنگ کے اختتام تک اپنے میزائل اور ڈرون سسٹمز کا مؤثر استعمال جاری رکھا اور ملک کا دفاعی نظام اب بھی مکمل طاقت اور عزم کے ساتھ فعال ہے۔