بلوچستان اور مردان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں؛ 8 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ: بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے پلانتک میں ‘آپریشن ردالفتنۃ’ کے تحت کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے جو ماشکیل پولیس اسٹیشن اور کسٹمز ہاؤس پر حملوں میں ملوث تھے۔

کارروائی کے دوران ان کی گاڑی بھی تباہ کر دی گئی۔ علاوہ ازیں ضلع آواران میں سیکیورٹی فورسز نے ‘آپریشن ردالفتنۃ 3’ کے تحت 4 خوارج کو جہنم واصل کیا، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں عسکری سامان اور اسلحہ برآمد ہوا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام تک یہ آپریشنز جاری رہیں گے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ضلع مردان کے علاقے کاٹلنگ میں سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس اطلاع پر آپریشن کیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ دیگر تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ آئی جی خیبر پختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے ٹیم کی اس پیشہ ورانہ کارروائی کی تعریف کی ہے۔