عمران خان کے بیٹوں کے پاس نائیکوپ موجود ہے، وہ جب چاہیں پاکستان آ سکتے ہیں؛ خواجہ آصف

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے واضح کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے بیٹے، سلیمان خان اور قاسم خان، جب چاہیں پاکستان آ سکتے ہیں کیونکہ دونوں کے پاس کارآمد نائیکوپ (NICOP) موجود ہے اور انہیں کسی ویزے کی ضرورت نہیں ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے ایک بیان میں خواجہ آصف نے لکھا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں نے نائیکوپ پر آخری بار 2022 میں پاکستان کا سفر کیا تھا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ سلیمان خان کا نائیکوپ 6 جنوری 2030 اور قاسم خان کا نائیکوپ 8 نومبر 2032 تک درست ہے، اس لیے فیملی یا پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت پر ویزا نہ دینے کے الزامات مکمل طور پر غلط اور بے بنیاد ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل علیمہ خان نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ بچوں کا نائیکوپ گم ہو چکا ہے، جبکہ عمران خان کے بیٹوں نے آن لائن بریفنگ کے دوران اپنے والد کے آزادانہ طبی معائنہ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ والد کی رہائی اور صحتیابی کے لیے عالمی سطح پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور مغربی ممالک سے رابطے کر رہے ہیں۔