بلاول بھٹو زرداری کی یورپی خاندان میں منگنی اور شادی کی خبریں بے بنیاد ہیں؛ مرتضیٰ وہاب کی تردید

کراچی: میئر کراچی اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بلاول بھٹو زرداری کی منگنی اور شادی سے متعلق سوشل میڈیا اور مختلف میڈیا رپورٹس کو مکمل طور پر غلط اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی سخت تردید کی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خبروں میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اپنے نجی دورۂ یورپ کے دوران سوئٹزرلینڈ اور آسٹریا کے درمیان واقع ریاست ’لیختن اسٹائن‘ پہنچے ہیں تاکہ اپنے 38 سالہ بیٹے بلاول بھٹو زرداری کی شادی کی تاریخ طے کر سکیں۔ ان افواہوں میں یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا تھا کہ بلاول بھٹو کا رشتہ وادوز سے تعلق رکھنے والی آسٹریا کی سابق شہزادی سے طے پایا ہے اور تقریب رواں سال کے آخر میں متوقع ہے۔

تاہم میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی منگنی یا شادی کے حوالے سے گردش کرنے والی تمام خبریں من گھڑت اور حقائق کے منافی ہیں۔ واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری یا زرداری خاندان کی جانب سے اس سے قبل ان خبروں پر کوئی باقاعدہ ردِعمل سامنے نہیں آیا تھا۔