لندن: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیسٹ میں ہماری پرفارمنس یقیناً خراب رہی ہے، لیکن ایک میچ ہارنے پر یہ کہنا درست نہیں کہ پاکستان کرکٹ ختم ہو گئی ہے۔
صحافیوں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے شدید تنقید کرنے والے سابق کرکٹرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ جن لوگوں نے خود اپنی زندگی میں کچھ نہیں کیا وہ آج تنقید کر رہے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر جنوبی افریقا نمیبیا سے یا بھارت آئرلینڈ سے ہار جائے تو کیا ان کی کرکٹ ختم ہو جاتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں اسکواڈ میں کی گئی تبدیلیاں وقت کی ضرورت تھیں اور سلیکشن کمیٹی فرشتے نہیں، غلطیوں پر ان سے جواب بھی لیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ موجودہ انتظامیہ اور کوچنگ اسٹاف کے آنے کے بعد قومی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں 8ویں سے 5ویں اور ٹی 20 میں 9ویں سے 6ٹے نمبر پر آئی ہے جبکہ کامیابی کا تناسب 24 فیصد سے بڑھ کر 74 فیصد ہوا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی کو ان کی ذات سے بغض ہے تو مجھ پر تنقید کرے لیکن پاکستان کرکٹ کو ہدف نہ بنایا جائے، کھلاڑیوں کی بے جا تذلیل برداشت نہیں کی جائے گی۔ دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم برمنگھم پہنچ چکی ہے جہاں وہ 9 ستمبر سے شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کے لیے ایجبسٹن میں ٹریننگ کا آغاز کرے گی۔

