پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں میں شاندار واپسی؛ یوروبانڈ کے ذریعے 3 ارب ڈالر حاصل کرلیے

اسلام آباد: پاکستان نے عالمی کیپٹل مارکیٹ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے ساڑھے 5 سالہ اور 10 سالہ یوروبانڈ کے ذریعے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر حاصل کر لیے ہیں۔ وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کے مطابق یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی واحد بانڈ ٹرانزیکشن ہے۔

وزارتِ خزانہ کی تفصیلات کے مطابق، پاکستان نے ساڑھے 5 سالہ یوروبانڈ سے 1.75 ارب ڈالر حاصل کیے جس پر 7.50 فیصد کوپن ریٹ مقرر کیا گیا، جبکہ 10 سالہ یوروبانڈ سے 1.25 ارب ڈالر حاصل کیے گئے جس پر 7.90 فیصد کوپن ریٹ طے پایا۔ یہ اجرا پہلی بار نئے ‘گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ’ (GMTN) پروگرام کے تحت کیا گیا، جس میں عالمی سرمایہ کاروں کی آرڈر بک مطلوبہ حجم سے دوگنا (تقریباً 6 ارب ڈالر) رہی۔

وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ ایشیا، مشرقِ وسطیٰ، یورپ اور امریکہ کے سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت ملکی معیشت پر عالمی اعتماد کی بحالی کا مظہر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی حکمتِ عملی محض قرض حاصل کرنے کے بجائے فعال خودمختار قرض مینجمنٹ (Sovereign Debt Management) پر مرکوز ہے، تاکہ طویل مدتی فنانسنگ کے ذریعے ری فنانسنگ اور رول اوور کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔ علاوہ ازیں، پاکستان سکوک، ڈالر سیٹلڈ بانڈز اور پانڈا بانڈز کے ذریعے بیرونی فنانسنگ کو مزید متنوع بنا رہا ہے۔