پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز بھی اضافہ

اسلام آباد: حکومت نے عوام کو ایک اور بڑا جھٹکا دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز بھی اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے 3 ستمبر 2026 کے لیے جاری کردہ نئے نوٹیفکیشن کے مطابق، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے جاری کردہ میکنزم کی بنیاد پر پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 29 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 343 روپے 87 پیسے سے بڑھ کر 346 روپے 16 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

علاوہ ازیں، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 1 روپیہ 11 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 372 روپے 3 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ان نئی قیمتوں کا اطلاق 3 ستمبر 2026 کے لیے ہوگا۔ یاد رہے کہ حکومت نے اس سے قبل بھی پیٹرول میں 1 روپیہ 8 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 51 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔