ٹرمپ نے ایران کے خلاف ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کا امکان مسترد کر دیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری تنازع میں ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کے کسی بھی امکان کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔

اوول آفس میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران جب صحافی نے سوال کیا کہ کیا وہ ایران کے خلاف جوہری ہتھیار نہ استعمال کرنے کی ضمانت دے سکتے ہیں، تو صدر ٹرمپ نے اس سوال کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے "احمقانہ” قرار دیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ "ایران پہلے ہی مکمل طور پر شکست کھا چکا ہے، تو جب ہم انہیں شکست دے چکے ہیں تو ان کے خلاف ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کی کوئی وجہ ہی نہیں بنتی۔”

امریکی صدر نے ایران پر سخت الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ تہران حکومت نے ایک لاکھ سے زائد حکومت مخالف شہریوں کو قتل کیا ہے، جس پر ان کے خلاف انسانیت کے منافی اور جنگی جرائم کے مقدمات چلائے جانے چاہئیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے اردن میں امریکی فوجی اڈے پر ہونے والے ایرانی حملوں کا سخت اور شدید جوابی ردعمل دینے کا اعلان کیا تھا۔